آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اٹلی کے سیکرٹری جنرل ڈیفنس کی ملاقات، باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اٹلی کے سیکرٹری جنرل ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل لوسیونو پورٹولانو نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، جبکہ باہمی فوجی تعاون، تربیتی امور اور انسداد دہشتگردی کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی سطح پر اٹلی کے کردار کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ افغانستان میں بڑھتے انسانی بحران پر قابو پانے کے لئے منظم کوششوں کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، اٹلی کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل لوسیونو پورٹولانو نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اورعلاقائی صورتحال میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے.