ڈبلیو ایچ او، معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے تعاون سے پولیوکے خاتمے کیلئے تقریب
لاہور (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور معروف انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے تعاون سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تقریب کاانعقادکیاگیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنرحمزہ شفقات تھے۔ڈاکٹر آمنہ امجد ایریا کوآرڈینیٹر اسلام آباد نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مہمانوں کوتفصیلی بریفنگ دی۔ پروگرام میں معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے مختلف شعبہ جات نے شرکت کی۔ ڈی سی حمزہ شفقات نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے کارڈیک ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سی ای او معروف انٹرنیشنل ہسپتال چوہدری ہارون نصیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان دو باقی ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو کا ابھی تک پتہ چلا ہے۔ لہذامعروف انٹرنیشنل ہسپتال پولیو کے مکمل خاتمے تک کوشش جاری رکھے گا۔تقریب کے آخر میں چوہدری ہارون نصیر نے ڈی سی، ان کی ٹیم اور ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنی اہم اور انتہائی ضروری مہم میں شرکت کیلئے وقت نکالا اور کہا کہ معروف انٹرنیشنل ڈبلیو ایچ او اور پبلک سیکٹر کو اپنی ہر طرح کی حمایت کی پیشکش کرتی ہے اور امید ہے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ بہت جلدہوگا۔