فشریز کی بقا کیلئے آبی آلودگی کا سدباب انتہائی ضروری ہے:ڈاکٹر سکندر حیات
لاہور(وقائع نگار) محکمہ فشریز پنجاب کی جانب سے مچھلی کی افادیت ، اس کی بقا اور انسانی زندگی میں اسکی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور پھرنعت رسول مقبو ل پڑھی گئی۔تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر فشریز ایکوا کلچر پنجاب اور تقریب کے میزبان ڈاکٹر محمد عابد نے خطاب کیااور انسداد ڈینگی کے حوالے سے ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کئے جانے والے اقدامات کا احاطہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات نے کہا ورلڈ فشریز ڈے کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کرنے کا مقصد فشریز کی بقا اور انسانی زندگی میں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ فشریز کی بقا کے لئے دریاؤں میں آبی آلودگی کا سدِباب کرنا انتہائی ضروری ہے اور اس کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ فشریز پنجاب صوبہ بھر میں فش فارمنگ کے فروغ کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جس کے نتائج جلد عوام والناس تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ کیج کلچر کے فروغ کے حوالے سے محکمہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور فارمرز کو دی جانے والی سہولیات اور سبسڈی کا ذکر کیا۔ تقریب کے آخر میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔