پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے لٹریسی سنٹر بنائے گئے ہیں: راجہ راشد حفیظ

صوبائی وزیر خواندگی و غیررسمی وبنیادی راجہ راشد حفیظ نے اپنے دفتر میں شرح خواندگی میں اضافے سے متعلق جاری منصوبوں کی پیش رفت بارے اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر انہیں غیر رسمی بنیادی تعلیم کے فروغ کے لئے صوبے بھر میں جاری منصوبوں بارے میں آگاہ کیاگیاصوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے لٹریسی سنٹر بنائے گئے ہیں اور ان کو ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت اپ گریڈ کر کے نہ صرف ناخواندہ قیدیوں کو خواندہ بنانے کا مشن جاری ہے بلکہ تعلیم کے ذریعے انہیں اعلیٰ اخلاقی اوصاف سے متصف کر کے باعمل مسلمان اور ذمہ دار شہری بنانے پر بھی توجہ دینے کی کاوشوں کا آغاز ہو چکا ہے۔حکومت کی ان کاوشوں کے نتیجے میں قیدیوں کی بہت بڑی تعداد جب جیلوں سے رہا ہو کر باہر نکلے گی تو جرائم سے تائب ہو کر اچھے شہری کی حیثیت سے نئی زندگی کا آغاز کرے گی۔راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ یہ معاشرے کی اصلاح اور ریاست مدینہ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اور انہیں سماج دشمن عناصر کے خلاف جان، مال اور عزت و آبرو کا تحفظ دینا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح رہیگا۔