ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سردی بڑھتے ہیں گیس بند، لودھراں میں خواتین کا احتجاج
ملتان‘ کہروڑ پکا‘ لودھراں( سپیشل رپورٹر‘ نامہ نگار )ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرمیں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گھریلوصارفین کیلئے سوئی گیس غائب ہوگئی ، ملتان شہراورگردونواح میں دن کے اوقات میں بھی بدترین گیس لوڈ شیڈنگ جاری، تفصیل کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی جانب سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرمیں گیس کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پرجاپہنچا ہے، سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ملتان اورگردونواح میں رات کے ساتھ ساتھ دن کے اوقات میں بھی سوئی گیس کا نام ونشان باقی نہ رہا ، شہرکے علاقوں گلگشت کالونی، بوسن روڈ ، گلشن مدینہ،جناح ٹاون، زکریا ٹاون ، دہلی گیٹ ، اندرون شہر، منظورآباد، ، کینٹ اورگردونواح میں دن بھرسوئی گیس غائب رہتی ہے، جس سے شہریوں کوکھانا پکانے اوردیگرامورمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، لوگ روٹی اورکھانے کے حصول کیلئے ہوٹلوں کا رخ کررہے ہیں جس سے ہوٹل مالکان کی بھی چاندی ہوگئی ہے، جبکہ سوئی گیس نہ ہونے سے خشک لکڑی اورکوئلے کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے، اوران کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ، ادھرجنوبی پنجاب کے دیگرشہروں ڈیرہ غازیخان، وہاڑی ، مظفرگڑھ، خانیوال ، بہاولپور اوررحیم یارخان ‘ کوٹ ادومیں بھی سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہری سراپا احتجاج ہیں، شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے بارے میں جب سوئی گیس کے افسران سے رابطہ کیا جاتا ہے تووہ کوئی جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے ، انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے فوری نوٹس لیکرصورتحال پرقابوپانے کی اپیل کی ہے۔ کہروڑ پکا اور لودھراں میں بھی لوڈشیڈنگ جا ری ہے۔ لودھراں میں محلہ فیض آباد کی رہائشی خواتین سوئی گیس کی مسلسل بندش سے تنگ آ کر احتجاج کے لئے سڑک پر آ گئیں اور ملتان بہاولپور روڈ بلاک کر دی خواتین کا کہنا ھے کہ ھمارے گھروں میں گیس بالکل نہیں آتی اگر کبھی تھوڑی بہت گیس آ بھی جائے تو لوگوں نے سکر مشینیں لگا رکھی ہیں محکمہ سوئی گیس نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ خواتین نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ آفیسران اور حکومتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اہلِ محلہ کو بلا تعطل سوئی گیس فراھم کی جائے۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ھے کہ احتجاج کی خبر سُنتے ھی ایس ایچ او سٹی رئیس علی انصر فوری طور پر موقع پر پہنچے اور خواتین سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کروایا اور ٹریفک بحال کروا دی۔