ؔافغانستان میں جنگ بند کی جائے،اقوام متحدہ:جرمنی نے امداد کا مطالبہ کردیا
کابل(اے پی پی)افغان صدر اشرف غنی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی معیشتوں پر کرونا وائرس کی وبا کے منفی اثرات کے باوجود افغانستان کی حمایت اور امداد جاری رکھیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوترس نے افغانستان میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ جنیوا میں افغانستان کے لیے ڈونر کانفرنس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بحران کے شکار اس ملک کے لیے مزید مالی امداد فراہم کریں۔تفصیلات کے مطابق افغان صدر نے یہ مطالبہ ایسے وقت کیا ہے جب افغانستان کو حکومت اور طالبان کے مابین پرتشدد واقعات، روز بروز بڑھتی ہوئی کرپشن اور امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد کی صورتحال بارے خدشات کا سامنا ہے۔ انہوں نے منگل کو جنیوا میں افغانستان کے لیے ہونے والی ڈونرکانفرنس سے اپنے ورچوئل خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کی وبا نے ہم سب کو عالمی غیریقینی کی صورتحال میں دھکیل دیا ہے۔ جنیوا میں گوترس نے افغان ڈونر کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دوحہ میں طالبان کے ساتھ طے ہونے والے امن معاہدہ پر عمل کے سازگار ماحول کے لیے غیر مشروط جنگ بندی ضروری ہے۔ ادھرجرمن وزیر خارجہ ہائیکوماس نے جرمن اخبارات کے ایک نیٹ ورک کو بتایا کہ کرونا وائرس کی وبا افغانستان میں لوگوں کی زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے اور وہاں لاکھوں افراد کا انحصارصرف انسانی امداد پر ہے۔