عوامی خوشحالی کے لئے چیلنجز کو مواقع میں بدلنا ہمارا فرض: جنرل باجوہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کی تائید و حمایت سے داخلی اور بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقدہ 237ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور استحکام کیلئے ان چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کریں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ شرکاء نے جیو سٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کے ماحول، سرحدوں اور کنٹرول لائن کی صورتحال اور بھارت کے غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں قتل و غارت گری پر غور کیا۔ شرکاء نے افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا بھی مفصل جائزہ لیا۔ شرکاء نے ناقابل تردید شواہد کے پس منظر میں بھارت کی طرف سے ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سرگرمیاں، پاکستان کے اندر اور بالخصوص، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں انتشار پیدا کرنے کیلئے دہشت گردی کی مالی سرپرستی میں ملوث ہونا اور دہشت گردوں کو تربیت فراہم کرنے جیسی کوششیں خطہ کے امن و سلامتی کی توہین کرنا ہے۔ بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں میں اضافہ پر غور کرتے ہوئے فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کنٹرول لائن کے ساتھ رہنے والے نہتے شہریوں کی بھارتی فوج کی فائرنگ سے حفاظت کیلئے تمام تر درکار اقدامات کئے جائیں گے۔ فورم نے کسی بھی غلط مہم جوئی کے خلاف مادر وطن کے بھرپور دفاع کے عزم اور ارادے کا اظہار کیا۔ فورم نے کووڈ۔19 کی صورتحال اور اس وباء کی دوسری لہر کے پیش نظر درکار اقدامات پر بھی غور کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈروں کو ہدات کی کہ وہ اس ضمن میں قومی کوشش کی مکمل معاونت کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔