بلاول بھٹو زرداری نے جمیل احمد سومرو کا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کر لیا

لاہور : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی مشیر جمیل احمد سومرو کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد بلاول بھٹو نے بھی کورونا ٹیسٹ کروا کر خود کو قرنطینہ کر لیا۔
پیپلزپارٹی ترجمان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کرونا ٹیسٹ رزلٹ مثبت نہیں آیا، اس حوالے سے نشر کی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں،چیئرمین بلاول بھٹو کے سیاسی مشیر جمیل احمد سومرو کا کرونا ٹیسٹ رزلٹ مثبت آیا ہے۔ جس کے بعد بلاول بھٹونے خود کواحتیاط کےطورپر قرنطینہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری طویل انتخابی مہم کے بعد اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے ہسپتال پہنچے۔ نجی ہسپتال میں بلاول بھٹو کا کرونا ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں آئے گی۔جبکہ بلاول بھٹوکی طبیعت بھی بہتر ہے ، تاہم رزلٹ آنے تک ملاقاتوں کاشیڈول معطل رہے گا۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پی پی کے 53 ویں یوم تاسیس پرملتان میں جلسےکی میزبانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر30 نومبرکوملتان کے قاسم باغ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں آنے والے تمام افراد کو خوش آمدید کہوں گا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ جلسے میں آنے والے تمام افراد کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شرکا جلسے میں ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں۔