کٹ کیلئے والدہ نے پیسے دیے، سب کچھ فیملی کی وجہ سے ہوں بابر اعظم

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )قومی سکواڈ آکلینڈ سے بذریعہ پرواز کرائسٹ چرچ پہنچ گیا جہاں وہ 14 روز تک قرنطینہ میں رہے گا۔سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سکواڈ میں شامل تمام ارکان کا پہلا کرونا ٹیسٹ آج ہوگا۔پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں آئسولیشن کے ابتدائی تین روز بعد قومی سکواڈ کو بائیو سکیور ماحول میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ نیوزی لینڈ حکومت کی ہدایات کے مطابق 14 روزہ آئسولیشن میں قومی سکواڈ کے مجموعی طور پر 3 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آج جس مقام پر بھی ہوں اپنی فیملی کی وجہ سے ہوں، شروع میں گھر کے حالات اچھے نہیں تھے، والدہ نے کچھ پیسے جوڑے تھے، میں نے کٹ لینا تھی، والدہ نے جو پیسے جوڑے تھے مجھے دیدیئے‘ یہ پیسے 3 سے 4 ہزار روپے تھے، شاید 2 ہزار سے 2500 کا کا تو بیٹ آ گیا تھا، جب میں نے پہلی مرتبہ نئی کٹ دیکھی اور اس کٹ کیساتھ کھیلا تو خوشی بیان نہیں کر سکتا، شروع کے دو تین سال میں اسی کٹ کیساتھ کھیلتا رہا۔ کٹ کو بہت سنبھال کر رکھا تھا لیکن اب کٹ مل نہیں رہی، کیرئیر کے شروع میں میری یہ ایسی یادیں ہیں جنہیں میں کبھی نہیں بھلا سکتا۔میں فیملی سپورٹ اور بیک کا تو کبھی شکریہ ادا نہیں کر سکتا، والد اور بھائیوں نے بہت بیک کیا، والد مجھے ہر میچ پر لے جاتے تھے اور جب تک میچ ختم نہیں ہو جاتا تھا موجود ہوتے تھے، جب پاکستان انڈر 19 اور پاکستان ٹیم میں آ گیا تو میں جہاں بھی ٹیم کیساتھ جاتا وہ وہاں موجود ہوتے تھے، وہ مجھے ہر طرح سے گائیڈ کرتے تھے، انہوں نے ہمیشہ میری رہنمائی کی۔ مجھے گھر سے کسی قسم کی کوئی ٹینشن نہیں تھی، میں نے ہر قسم کی فکر سے آزاد ہو کر صرف کرکٹ کھیلی اور اسی پر توجہ دی کیونکہ مجھے والد اور بھائیوں کی مکمل سپورٹ حاصل تھی۔