میرپور: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 کے ضمی انتخابات میں اب تک کے غیرحتمی، غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے فتح حاصل کر لی ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 17617 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار صہیب سعید کے حصے میں 14819 ووٹ آئے۔آزاد کشمیر کی نشست ایل اے 3 میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 59 ہزار 494 ہے۔ جس میں 32 ہزار 490 مرد اور 27 ہزار 4 خواتین ووٹرز ہیں۔
ریٹرنگ آفیسر محمد ادریس بھٹی کے مطابق پولنگ کے لیے 47 خواتین پولنگ اسٹیشنز، 49 مرد پولنگ اسٹیشنز اور 23 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔حلقے کے 8 زونز میں 2 ہزار 700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 61 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 50 کو حساس قرار دیا گیا تھا تاہم پولنگ کے دوران امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں سال 2016 میں 37 ہزار 875 ووٹ ڈالے گئے تھے اور ووٹ ڈالنے کا ٹرن آؤٹ 63 فیصد رہا تھا۔