اللہ رب العزت کا ’’ولی‘‘ وہ ہوتا ہے جو فرائض کی بجاآوری سے قرب الٰہی حاصل کرے ہر وقت اطاعت الٰہی اور اتباع رسولؐ میں مشغول رہے اس کا دل نور جلال الٰہی کی معرفت میں مستغرق ہو۔ جب دیکھے دلائل قدرت کو دیکھے جب سنے آیات الٰہی سنے جب بولے رب تعالیٰ کی ثناء میں بولے اس کا قال اور حال ایک جیسا ہو۔ دنیا و آخرت کی کسی شے کی طرف رغبت نہ کرے بلکہ اپنے آپ کو صرف حق تعالیٰ کی دوستی کے لئے فارغ کرے جو نہایت میں فنا ہو جائے اور ہدایت میں بقا حاصل کرے۔ ایسے مقام پر پہنچنے والے ’’ولی‘‘ کے چہرے کو دیکھنے سے اللہ رب العزت یاد آجاتا ہے ان کے بیان ’’احکام‘ق بن جاتے ہیں جو عمل کرنے والوں کے لئے نمونہ اور عذر گزاروں کے لئے حجت تمام ہوتی ہے۔ یہی لوگ ملت کی آن اور مذہب کی آبرو ہوتے ہیں انہی کے دم سے دین و دنیا کی رونقیں ہیں۔ اور قوم کے حقیقی محسن بھی یہی لوگ ہیں زمانے کے ستائے ہوئے حالات کی ٹھوکروں سے خستہ حال مصائب زدہ لوگوں کے لئے ان کے آستانے رشد و ہدایت کا مرکز رہے ہیں عصر حاضر میں آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف جسے اہل اللہ ’’وادی نور‘‘ بھی کہتے ہیں ایسی ہی پناہ گاہ ہے۔ جس کی بنیاد شمس العارفین سراج السالکین حضرت صاحبزادہ پیر سید نور الحسن شاہ بخاریؒ نے رکھی جو آج تک جاری ہے۔ حضرت صاحبزادہ پیر سید نور الحسن شاہ بخاری اپنے وقت کے جلیل القدر ولی اللہ ہوئے ہیں جو علوم ظاہر اور باطنی سے آراستہ تھے جن کی فیوض علمیہ اور برکات روحانیہ سے زمانہ رہتی دنیا تک مستفیض ہوتا رہے گا۔ آپ کا طرہ امتیاز حضور پرنور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی ہے عبادت و ریاضت اور سنت رسولؐ کی پاسداری اور پابندی میں جو ان مٹ نقوش آپ نے چھوڑے ہیں وہ تا قیامت مشعل راہ کا کام دیتے رہیں گے۔ حضرت پیر سید نور الحسن شاہ بخاری کی ولادت 30 جنوری 1889ء کو حضرت کیلیانوالہ شریف میں ہوئی ۔ سلسلہ نسب 48واسطوں سے سرکار مدینہؐ تک جا پہنچتا ہے۔ آپ بچپن ہی سے غیر معمولی ذہین‘ زیرک اور محنتی تھے ۔ آپ کم سنی میں ہی سایہ پدری سے محروم ہو گئے والدہ ماجدہ نے آپ کی پرورش کی۔ آپ اپنی والدہ کا احترام دل سے کرتے اور اکثر فرمایا کرتے کہ میری والدہ ہی میرا مرشد پاک ہیں۔سلطان الاولیاء حضرت پیر سید نور الحسن شاہ بخاریؒ کا روحانی تعلق اعلیٰ حضرت شیر ربانیؒ حضرت میاں شیر محمد شرقپوری سے تھا آپ حضرت میاں صاحب کے مرید بھی تھے اور مراد بھی۔ حضرت میاں صاحب نے آپ کو اپنی صحبت کا شرف بخشا جس کی بدولت آپ سلوک کی تمام بلندیوں کو عبور کرکے فنا اور بقا کے مقام خاص پر جلوہ افروز ہوئے۔ حضرت پیر سید نور الحسن شاہ بخاریؒ بلند مقام حاصل کرنے کے باوجود مخلوق خدا سے کبھی جدا نہ ہوئے بلکہ ان کی روحانی تربیت میں مصروف رہے۔ لوگ گناہوں سے لتھڑے آتے نور کا لباس پہن کر جاتے آپؒ کی ایک ہی نظر میں دل کے سارے کھوٹ دھل جاتے اور بندہ اپنی حقیقی بندگی سے آشنا ہو جاتا۔ گستاخ اور بے باک آنکھیں آتیں تو حیا سے بھرپور ہو جاتیں سنگ دل اپنی سنگ دلی کے پتھر لاتے اور آنسوؤں کے موتیوں کی جھولیاں بھر بھر لے جاتے۔ آپؒ جلال اور جمال کی ہر دو صفات کمال سے آراستہ تھے جس سے کسی دوسرے کو کم ہی حصہ ملا ہو گا آپؒ کا جلال کسی کو آگے نہ بڑھنے دیتا اور جمال پیچھے نہ ہٹنے دیتا۔ جو ایک بار آپکی خدمت میں حاضر ہوا پھر عمر بھر اسی در دولت کا غلام رہا مہمان نوازی اور سخاوت ولایت کے خصوصی اوصاف ہیں آپ کے پاس مہمانوں کا تانتا بندھا رہتا محتاج اور ضرورت مند جن کو دنیا داروں کے ہاں رسائی نہ ہوتی وہ آپؒ کے سامنے حاجات پیش کرتے تو آپؒ انکی ظاہری اور باطنی امداد فرماتے ۔حضرت سید نور الحسن شاہ بخاریؒ صاحب کشف و کرامت بزرگ تھے آپ کی بیسیوں کرامات مشہور ہیں کتاب ’’اشراح الصدور بتذکرۃ النور‘‘ 500 صفحات پر مشتمل آپ کے ارشادات اور کرامات سے بھری پڑی ہے جن سے آپکی قدر و منزلت اور ایمانی جلالت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے مگرآپ کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ آپ نے اعلیٰ حضرت شیرربانیؒ کا مشن زندہ رکھا عقیدت مندوں کو سنت مصطفویؐ کے سانچے میں ڈھالنے اور انہیں شریعت نبویؐ کے روشن اصولوں کا پابند بناکر منزل مقصود تک پہنچانا تاریخ روحانیت میں آب زر کے ساتھ لکھے جانے کے قابل ہے۔قیوم بارگاہ بارگاہ رسالت حضرت سید محمد باقرعلی شاہ بخاریؒ دین اسلام کی بخاری کی تبلیغ و اشاعت کے لئے دور دراز ملکی و غیر ملکی دورے کئے جہاں سینکڑوں دینی مدارس اور ہزاروں مساجد کے سنگ بنیاد رکھے۔ آپکے تربیت یافتہ علماء ومشائخ دنیا کے تمام ممالک کے بڑے بڑے شہروں مثلاً نیویارک‘ واشنگٹن‘ اوسلو‘ کوپن ہیگن‘ لندن‘ سڈنی‘ بارسلونا‘ برمنگھم‘ دوبئی‘ شارجہ اور مسقط وغیرہ کی بڑی بڑی مساجد میں ترویج سنت اور اشاعت دین کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔حضرت صاحبزادہ پیر سید محمد باقر علی شاہ بخاریؒ کا سالانہ عرس مبارک اپنے والد محترم سلطان الاولیا‘ حضرت پیر سید نورالحسن شاہ بخاری ؒ کے ساتھ ہی ہر سال 22/23 نومبر کو وادی نور حضرت کیلیانوالہ شریف میں آپ کے فرزند ارجمند عالمی مبلغ اسلام عاشق ربانی محبوب حضرت قیوم زمانیؒ صاحبزادہ الحاج پیر سید محمد عظمت علی شاہ بخاری المعروف حضورچن جی سرکار کی قیادت میں منایا جاتا ہے۔ یہاں عوام ہی نہیں بلکہ شیوخ وقت بھی حاضری دینا باعث صد افتخار سمجھتے ہیں۔ اللہ رب العزت آپ کے مزار پرانوار پر اپنی کروڑوں رحمتوں کا نزول فرمائے۔
جن کی ہر ہر ادا سنت مصطفیٰؐ
ایسے پیر طریقت پہ لاکھوں سلام
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024