بادامی باغ: کولڈ سٹوریج کا مالک بیٹے‘ 2 بھتیجوں سمیت گرفتار‘ احتجاجی مظاہرہ

25 نومبر 2015

لاہور (نامہ نگار + خبر نگار) بادامی باغ پولیس نے کولڈ سٹوریج سے زہریلی گیس خارج ہونے پر سٹور مالک کو بیٹے اور دو بھتیجوں سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ ہسپتال میں زیرعلاج 39 افراد کو حالت بہتر ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ 16 افراد تاحال زیرعلاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بادامی باغ سبزی منڈی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب صلاح الدین کے کولڈ سٹوریج کی گیس پائپ لائن پھٹنے سے 55 افراد بے ہوش ہو گئے تھے۔ پولیس نے صلاح الدین‘ اس کے بیٹے عاصم ملک اور دو بھتیجوں عدنان محی الدین‘ نعمان محی الدین کو گرفتار کر لیا۔ مشتعل ہجوم کے پیش نظر چاروں ملزمان کو تھانہ بادامی باغ کی بجائے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ دریں اثنا ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ بادامی باغ کے علاقہ میں واقع کولڈ سٹوریج سے گیس اخراج کے واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ماڈل کولڈ سٹوریج کو سیل کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گیس کے اخراج کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا اور محکمہ صنعت اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ گیس سے متاثر ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

EXIT کی تلاش

خدا کو جان دینی ہے۔ جھوٹ لکھنے سے خوف آتا ہے۔ برملا یہ اعتراف کرنے میں لہٰذا ...