وزیر داخلہ سے لارڈ نذیر کی قیادت میں برطانوی وفد کی ملاقات‘ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

25 نومبر 2015

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے لارڈ نذیر احمد کی قیادت میں برطانوی وفد نے منگل کو یہاں پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد کے دیگر ارکان میں برطانوی نژاد سائبر ایکسپرٹ اسٹیورٹ ہائیڈ، محقق برائے ہائوس آف لارڈز لائورا لیکن، سینئر برطانوی سول سرونٹ ڈیوڈ ہالڈز ورتھ اور ارضیات اور ماحولیات کے ماہر مارٹن اسٹیورٹ شامل ہیں۔ ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام حکومتی اداروں کو متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور حکومت ہر فورم پر ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کو جاری رکھے گی۔ لارڈ نذیر نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیر داخلہ کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا۔