لاہور‘ قصور میں ڈاکوئوں کی فائرنگ‘ وزیراعظم ہائوس کا ملازم اور تاجر شدید زخمی

25 نومبر 2015

لاہور + قصور + فیروزوالا (نامہ نگاران)نشتر کالونی کے علاقہ میاں کالونی میں دو ڈاکوؤں نے مقصود کی دکان سے ہزاروں روپے نقدی لوٹ لی اور مزاحمت پر اسے فائرنگ کر کے شدیدزخمی کر دیا۔ مقصود کی ہسپتال میں حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دوسری طرف ڈاکوؤں نے ساندہ کے علاقہ محمدی پارک میں ناکہ لگا کر وقار، حفیظ، عرفان اور اس کی فیملی سے ساڑھے 5 لاکھ روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، مزنگ کوئینز روڈ پرایک پٹرول پمپ پر ایلیٹ فورس کی وردیوں میں ملبوس چار کار سوار ڈاکووؤں نے گن پوائنٹ پر 4لاکھ روپے، کاہنہ میں عباس سے3لاکھ 78ہزارروپے،غازی آباد میں مصطفی اور اس کی فیملی سے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، لوئرمال میں نعمان سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، نواب ٹائون میں ہشام سے 70ہزار روپے اور موبائل فون، شاہدرہ میں رضوان سے 40ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ہربنس پو رہ سے شان، نواب ٹائون سے شاہد، گلشن اقبال سے جواد، اقبال ٹائون سے فاروق، سمن آباد سے عمران، وحدت کالونی سے نذیر کی کاریںجبکہ جوہرٹائون سے ہمایوں، مسلم ٹائون سے سمیع،سوال لائن سے شبیر، اسلام پو رہ سے عدنان ، فیکٹری ایریا سے سعید،مصطفی آبادسے غلام نبی، گرین ٹائون سے وقاص کی مو ٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ دوسری طرف قصور میں شاہ عنایت کالونی کے قریب ڈاکوئوں نے وزیراعظم ہائوس جاتی عمرہ سے گھر واپس آنے والے ملازم شوکت علی کو موٹرسائیکل رکوا کر نقدی اور موبائل فون سے محروم کر دیا اور مزاحمت پر گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں فیروزوالا میں موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر جاوید احمد‘ اس کی بیوی اور کئی راہگیروں سے نقدی‘ موبائل فونز چھین لئے۔ چوروں نے تین افراد عمران وغیرہ کی دکانوں پر قیمتی سامان لاکھوں روپے مالیت کا غائب کردیا۔ اس کے علاوہ افضل کے گھر سے تالے توڑ کر لاکھوں روپے کا سامان لے گئے۔