دہشت گردی کے ناسور سے جلد نجات حاصل کر لیں گے: جنرل راحیل ، برازیلین ہم منصب سے ملاقات

25 نومبر 2015

ریو ڈی جنیرو (آن لائن+ صباح نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برازیل کے آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، پاکستانی سپہ سالار سے برازیلین چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل جوز کارلوز نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اعلیٰ فوجی حکام کی ملاقات میں پاکستان، برازیل دفاعی تعلقات‘ فوجی جوانوں کی مشترکہ ٹریننگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برازیل کے چیف آف جوائنٹ سٹاف نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ پاکستان اور برازیل کے مابین پہلے ہی تربیت اور تجربات کے تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔ برازیل کے وزیر دفاع سے ملاقات کی مزید تفصیلات کے مطابق جنرل راحیل نے برازیل کے وزیر دفاع کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ وزارت دفاع میں برازیل کے وزیر دفاع ایلڈو ریبلو نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا برازیل کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاک افواج دہشت گردی کیخلاف جنگ کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور بہت جلد دہشت گردی کے ناسور سے نجات حاصل کرلیں گے۔ برازیل کے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور کہا پاکستان نے خطہ اور پوری دنیا میں قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کر تے ہیں۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا دونوں ملکوں کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برازیل کی فوج کے کمانڈر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برازیل کے آرمی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آرمی چیف کو آرمی ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر 19توپوں کی سلامی دیکر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل راحیل شریف نے برازیلین چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل ہوزے کارلوس سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اور عسکری امور پر غور آئے۔ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی اور ابھرتے ہوئے چینلجز سمیت دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تربیت دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں برازیلین جنرل نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا۔