اسفند نے پارٹی بدنام کی اعظم ہوتی، حیدر ہوتی کےلئے کوئی جگہ نہیں، نسیم ولی کا دوبارہ سیاست میں آنے کا اعلان
اسفند نے پارٹی بدنام کی اعظم ہوتی، حیدر ہوتی کےلئے کوئی جگہ نہیں، نسیم ولی کا دوبارہ سیاست میں آنے کا اعلان
چار سدہ (نمائندہ + ایجنسیاں) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کی والدہ بیگم نسیم ولی خان نے پارٹی قیادت کو نااہل قرار دیتے ہوئے دوبارہ عملی سیاست میں آنے کا اعلان کردیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق انہوں نے کہا اسفند یار نے اے این پی کو بدنام کیا۔موجودہ حالات میں میرا سیاست میں آنا ناگزیر ہے۔ اسفند یار ولی نے پارٹی کارکنان کو مایوس کر دیا، جلد لویہ جرگہ بلا کر پارٹی کو منظم اور ناراض کارکنان کو مناو¿ں گی۔ حالیہ انتخابات میں ناکامی کی وجہ سے پارٹی نے ساکھ کھو دی۔ 6 سال سے پارٹی سے رابطہ نہیں تھا، اس دوران اے این پی کو گمنامی میں دھکیل دیا گیا۔ میری کتاب میں اعظم ہوتی، اسفند یار ولی اور امیر حیدر ہوتی کا نام نہیں، پارٹی کارکنان میرا ساتھ دیں، بوڑھی ضرور ہوں مگر میرا جذبہ جوان ہے۔ اے این پی نے غلط کام کئے جس کی وجہ سے پارٹی کارکن ناراض ہوگئے۔ آئی این پی کے مطابق یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیگم نسیم خان نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ اے این پی کی ازسرنو تعمیر کیلئے انکا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا پارٹی میں چور اُچکوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، صاف ستھرے لوگ تیار ہوجائیں جلد جرگے کا انعقاد کر کے نئے لوگوں کا انتخاب کیا جائیگا۔ موجودہ اے این پی کو ریت کی دیوار کی طرح بس ایک دھکے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا اسفند یار ولی نے پارٹی کارکنوں کو مایوس کردیا ہے اور انتخابات میں شکست سے اے این پی نے اپنی ساکھ کھو دی ہے جسے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ آن لائن کے مطابق بیگم نسیم ولی خان نے اے این پی کی قیادت اپنے ہاتھ میں لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ان کی جماعت میں اسفند یار ولی خان، سنیٹر اعظم ہوتی اور سابق وزیراعلی امیر حیدر ہوتی کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ ایسی قیادت کا انتخاب کیا جائیگا جو نہ چور اور نہ چوروں کا ساتھی ہو۔ ولی باغ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پانچ سالہ دور حکومت میں اے این پی قیادت اور سابقہ صوبائی حکومت نے لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کر رکھا تھا جن کا زندہ ثبوت انتخابات میں اے این پی کی بڑی طرح شکست ہے۔ انہوں نے کہا اسفند یار ولی خان اور سابقہ حکومت کے کرپش میں ملوث افراد کو چاہئے وہ سیاست چھوڑ کر آرام کریں کیونکہ آئندہ بننے والی عوامی نیشنل پارٹی میں اسفند یار ولی خان، اعظم ہوتی اور حیدر ہوتی کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا گزشتہ پانچ برسوں میں مال کماﺅ اور وقت گزارو کی پالیسی نے پارٹی کو تباہ برباد اور بدنام کیا۔ صوبے کے مخلص اور خدمت گاروں کے مشورہ پر آج سے عملی سیاست میں دوبارہ آنے کا اعلان کرتی ہوں۔ صوبہ بھر کے کارکنوں اور عہدیداروں سے اپیل کرتی ہوں میرے ساتھ میدان میں نکل کر پارٹی کو مضبوط بنائیں۔
بیگم نسیم ولی