خسارہ پورا کرنے کیلئے لیسکو ہر ماہ بلوں میں 25 فیصد اضافہ وصول کرنے لگی
لاہور (ندیم بسرا) لیسکو حکام نے کمپنی کو خسارے سے نکالنے کے لئے نیا فارمولا ڈھونڈھ لیا، صارفین پر مالی بوجھ ڈالنے کیلئے ہر ماہ بلوں میں 25 فیصد اضافہ کر کے صارفین کو بھجوانا شروع کر دیا۔ ریکوری کی کم ہوتی صورت حال اور کمپنی کے مسلسل خسارے کو پورا کرنے کے لئے صارفین کو قربانی کا بکرا بنا لیا۔ گزشتہ پانچ ماہ سے بلوں میں بقایا جات کی مد میں 300 سے ایک لاکھ روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔ لیسکو اعلیٰ حکام کسٹمر سروسز ڈائریکٹر سمیت تمام ریونیو افسران نے خاموشی اختیار کر لی۔ لیسکو نے صارفین کو دھوکہ دینے کے لئے رواں ماہ کے بلوں کی آخری تاریخ میں 4روز کا اضافہ بھی کر دی۔ اس صورتحال پر صارفین نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے دفاتر اور رہائش گاہوں کے باہر احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صارفین گزشتہ کئی برسوں سے بجلی کے بلوں میں سروسز رینٹ، میٹر رینٹ، پی ٹی وی فیس، انکم ٹیکس، نیلم جہلم سرچارج، جنرل سیلز ٹیکس، الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی مد میں پیسے ادا کر رہے ہیں۔ بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے لیسکو حکام نے بھی اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ لیسکو کمپنی گزشتہ دو برسوں سے خسارے میں جا رہی ہے۔ وزارت پانی وبجلی اور دیگر اعلیٰ حکام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے منافع بخش قرار دے رہی ہے، اسی تناظر میں لیسکو کئی ماہ سے نہ صرف اوور بلنگ کر رہی ہے بلکہ متنازعہ بجلی کے بلوں کے معاملات بھی عرصہ دراز سے حل طلب چلے آ رہے ہیں اور لاہور میں 22 ہزار سے زائد متنازعہ بلوں کے معاملات طے نہیں ہو سکے۔ فرسٹ سرکل میں پانچ ہزار، سیکنڈ سرکل میں 6800، تھرڈ سرکل میں 8500 اور پانچویں سرکل میں 2400 سے زائد بجلی کے بل درستگی اور دیگر معاملات کے لئے پڑے ہوئے ہیں، سپرنٹنڈنٹ انجینئرز، ایکسیئنز، ایس ڈی اوز اور ریونیو افسران ان کو حل کرنے کے لئے تیار نہیں، لیسکو ہیڈ آفس کی طرف سے بھی کوئی ہدایات نہیں دی جاتیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد اس بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ واضح رہے کہ پورے ملک کے ایک کروڑ 80 لاکھ کے قریب صارفین ہر ماہ سروسز رینٹ، میٹر رینٹ، پی ٹی وی فیس، انکم ٹیکس، نیلم جہلم سرچارج، جنرل سیلز ٹیکس، الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی مد میں تقریباً 52 ارب روپے ماہانہ ٹیکسز کی مد میں ادا کر رہی ہے۔