ڈرون حملے بند ہونے تک نیٹو سپلائی کی بحالی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: عمران
لاہور/مر یدکے (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہونگے نٹیو سپلائی کی بحالی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ قوم کو دہشت گردی ‘ غیر ملکی مداخلت اور ڈرون حملوں سے نجات دلانے کیلئے سب کچھ قر بان کرنے کو تیار ہیں‘ حکومت کی ڈرون حملوں کیخلاف صرف مذمت کافی نہیں اب عملی اقدامات اور دو ٹوک موقف اختیار کر نا ہو گا ‘ مسلم لیگ کی حکو مت نے ملک کو مزید بحرانوں کے سواکچھ نہیں دیا، عوام حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں ‘ بجلی کی لودشیڈنگ کے خاتمے کیلئے صرف باتیں کی جا رہی ہے کوئی منصوبہ نظر نہیں آرہا ‘ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کر یگی۔ تحر یک انصاف کے سابق تحصیل ناظم رانا انوار الحق اور دیگر سے ملاقات کے دورن گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشر یف اور انکی جماعت انتخابی دوروں کے دوران عوام سے ڈرون حملے روکنے‘ دہشت گردی کے خاتمے‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل حل کر نیکا وعدہ کرتے رہے ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد آج تک کوئی وعدہ بھی پورا نہیں کیا جسکی وجہ سے عوام حکومت سے مایوس ہیں۔