کراچی: فائرنگ، 2 افراد قتل، پولیس مقابلہ، 2 مفرور ملزم مارے گئے
کراچی (کرائم رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ملیر بکرا پیڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت مولانا حامد زمان کے نام سے کرلی گئی۔ مقتول کا تعلق مذہبی جماعت سے ہے۔ محراب گوٹھ میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے گینگ وار کے آٹھ ملزموں سمیت پچیس ملزموں کو حراست میں لے کر اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں بلدیہ ٹائون کے علاقے رئیس گوٹھ میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو مفرور ملزمان ہلاک جبکہ سائٹ کے علاقے ضیا کالونی میں پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں کمسن بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ دس روز قبل رینجرز کے ہاتھوں گرفتار دو ملزمان عبداللہ اور رباب اللہ پولیس کے حوالے کئے جانے کے بعد گزشتہ رات موچکہ تھانے سے فرار ہو گئے اور پولیس نے تعاقب کے بعد رئیس گوٹھ میں ان کو گھیرا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی تاہم جوابی فائرنگ پر مارے گئے۔ علاوہ ازیں ولی بابر قتل کیس اور ایڈووکیٹ عبدالمعروف کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم شاہد کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا۔ ایس پی کلفٹن ندیم احمد کے مطابق ملزم کورنگی نمبر 3 میں مقامی کلینک کے ڈاکٹر اکبر سے علاج کرا رہا تھا۔دریں اثناء کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور گینگ وار کے ملزموں کے درمیان فائرنگ میں گینگ وار کے دو ملزم ہلاک ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزموں میں اعجاز اور دلشاد شامل ہیں۔ ان کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے ہے۔