مذہبی جلوسوں کو محدود رکھنے سے متعلق فارمولا فرقہ وارانہ انتشار کا سبب بنے گا: انجمن فدایان مصطفی
لاہور (پ ر) بعض افراد کا مذہبی جلوسوں کو محدود رکھنے والا امن فارمولا فرقہ وارانہ انتشار کا باعث بنے گا جبکہ ملکی حالات مزید انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ حکومت انتشار کا باعث بننے والے بیانات پر پابندی لگائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت کے صوبائی رہنما علامہ ڈاکٹر مفتی نجیب احمد ہاشمی نے انجمن فدایان مصطفی کے زیر اہتمام اہلسنت کی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میلاد شریف کے جلوسوں کو محدود کرنے کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ اہلسنت کی تنظیمیں میلاد شریف کے جلوسوں کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس سے حافظ محمد اکبر جتوئی نے بھی خطاب کیا۔