ڈاکٹر مجید نظامی کی جانب سے محمود علی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی
اسلام آباد (وقائع نگار) تحریک پاکستان کے رہنما اور سابق سیکرٹری تحریک تکمیل پاکستان محمود علی مرحوم کی ساتویں برسی کے موقع پر تحریک پاکستان کے سرگرم رکن‘ ممتاز صحافی و دانشور اور چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی کی جانب سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ۔ ا محمود علی مرحوم کی قبر پر ان کے بھائی مشرف مشتاق علی‘ مسز سلینا علی‘ سابق پرنسپل سیکرٹری ‘ (پی آئی او) پی آئی ڈی سلیم بیگ پروفیسر نعیم قاسم‘ انجینئرعارف علی‘ میاں ذوالفقار علی نے حاضر دی اور تحریک پاکستان کے رہنما مرحوم محمود علی کی روح کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پروگرامز نظریہ پاکستان ٹرسٹ عثمان احمد نے تحریک پاکستان کے سرگرم رکن، ممتاز صحافی و دانشور اور چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹرمجید نظامی کی جانب سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے مرحوم محمودعلی کی پاکستان کے لئے خدمات پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے کہا کہ محمود علی دو قومی نظریہ کے بہت بڑے علمبردار تھے ۔انہوں نے ہمیشہ متحدہ پاکستان کی بات کی۔ شرکاء نے کہا کہ محمود علی (مرحوم) پاکستان کے داعی اور افکار قائداعظم کے نقیب تھے۔