”سردیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے“
لاہور (نیوز رپورٹر) ماہرین صحت کے مطابق خزاں اور سرما کا موسم بالخصوص پھیپھڑوں کیلئے مضر ثابت ہوتا ہے اس لئے ان کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری دوائیں اور احتیاطی تدابیر پر پہلے ہی عمل پیرا ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر حکیم سید عمران فیاض، حکیم محمد احمد سلیمی حکیم افضل میو، حکیم شوکت علی سندھو، حکیم سید عارف رحیم، حکیم محمد اکرم مغل، حکیم غلام فرید میر، حکیم فیصل نواز، حکیم محمد جاوید رسول، حکیم عطا ءالرحمان صدیقی، حکیم احمد حسن نوری، حکیم عمر فاروق گوندل اور حکیم حامد محمودنے موسم سرما کی احتیاطی تدابیر کے موضوع پر ادارہ تحقیقات طبیہ پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ مجلس مذاکرہ میںاظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے صحت پر رونما ہونےوالے برے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے گرم پانی میں آدھا لیموں نچوڑ کر خالص شہد ملا کر گھونٹ گھونٹ پینا مفید ہے۔ لونگ، دار چینی، سیاہ مرچ اور سونٹھ (زنجبیل) کے سفوف کی ایک چٹکی گرم قہوے میں ملا کر شہد سے میٹھا کرکے پینا مفید ہے۔ اس سے جسم میں حرارت بڑھتی ہے اور قوت مدافعت میں اضافہ ہوتاہے۔ انکے علاوہ بنفشہ اور برگِ تلسی کی چائے اور لہسن کی چٹنی بھی اس موسم میں مفید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم سرما میں جلدی امراض، کھانسی، جوڑوں کا درد اور دیگر بلغمی امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ جِلد کو خشکی سے بچانے کیلئے روغن بادام اور عرقِ گلاب کو خوب ملا کر (ایملشن بنا کر) چہرے اور ہاتھوں وغیرہ پر لگانا مفید رہتا ہے۔