شہیدوں کا قرض اتارنے کیلئے ہمیشہ تیار: ونگ کمانڈر حسن صدیقی

اسلام آ باد (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ ) بھارتی فضائیہ کو لوہے کے چنے چبوانے والے اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ گرانے والے پاکستان کے شیر دل پائلٹ ونگ کمانڈر حسن صدیقی نے یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اپنے شہیدوں کا قرض اتارنے کیلئے خود کو ہمیشہ تیار رکھتے ہیں۔ پاکستان صرف خطہ ارض نہیں بلکہ ایک نظریہ اور عزم کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظریہ کی بقا کیلئے افواج پاکستان نے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے۔ہم وہ زندہ قوم ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے شہیدوں کو اپنے سینوں میں زندہ رکھا ہوا ہے بلکہ ہمیشہ ان کا قرض اتارنے کیلئے خود کو تیار رکھتے ہیں۔ دشمنان پاکستان کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم کا وقار، اس کا عزم اور نظریہ پاکستان ہمارے لئے سب سے اہم ہے۔ دوسری جانب شہدا پاک فوج کے لواحقین نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتیں، ان کو یاد رکھتی ہیں، ان کو مثال بنا کے رکھتی ہیں، سینکڑوں آفیسر، سینکڑوں جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ یومِ تکریمِ شہداء کے حوالے سے پوری قوم کے نام اہم پیغام میں کیپٹن عارف شہید کے بھائی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ناصر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتیں، ان کو یاد رکھتی ہیں، ان کو مثال بنا کے رکھتی ہیں۔ سینکڑوں آفیسر، سینکڑوں جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔