یٰسین ملک کے خلاف جعلی مقدمہ عالمی ادارے فوری نوٹس لیں
ممتاز حریت پسند کشمیری رہنما یٰسین ملک جو ان دنوں بھارت کی قید میں ہیں، انہیں بھارتی حکومت دہشت گردی کے جھوٹے اور جعلی مقدمے میں ملوث کر کے سخت سزا دینے کے درپے ہے۔ جو ظلم و زیادتی اور انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی کی بدترین مثال ہے۔ بھارتی حکومت پہلے ہی جموں و کشمیر پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قبضہ جما کر کشمیری شہریوں کو اپنی مشقِ ستم کا نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ اب وہ عظیم کشمیری رہنما ضمیر کے قیدی یٰسین ملک کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے انہیں ماورائے انصاف و قانون سزا دینا چاہتی ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بھارتی حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے کشمیر کی تحریکِ آزادی کو دبا نہیں سکتی۔ بہادر کشمیری اپنے حقِ آزادی کے لئے بے سرو سامانی کے باوجود یکاو تنہا لڑ رہے ہیں اور اس قسم کی انتقامی کارروائیاں ان کے جذبۂ حریت پر اثرانداز نہیں ہو سکتیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے بھارتی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کشمیری حریت پسند یٰسین ملک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سینٹ آف پاکستان میں بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور حریت رہنمایٰسین ملک پر جھوٹے مقدمات بنانے ا ور عدالتی کارروائی کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت عالمی معاہدوں کی پاسداری کرے، یٰسین ملک پر جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں اور ان کو بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں ۔ ادھر بھارت کے غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں بھرپور احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔بھارتی متعصب عدالت آج یٰسین ملک کی جھوٹے مقدمات پر سزا کا حکم سنائے گی۔ ایسی صورت میں پورے مقبوضہ کشمیر میں شدید احتجاج ہو گا پاکستان اور دوسرے ممالک بھی یٰسین ملک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے۔ یہ موقع ہے کہ عالمی و انسانی حقوق کے تمام ادارے، او آئی سی اور اقوام متحدہ حریت پسند کشمیری رہنما کی ز ندگی بچانے
کے لیے اپنا کردار ادا کریں جنہیں مودی حکومت نے من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات میں پھنسا رکھا ہے۔ اگر عالمی اداروں نے اس موقع پر مصلحت اختیار کیے رکھی اور ا س ظلم پر آنکھیں بند کئے رکھیں تو اس کا خمیازہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑے گا کیونکہ احتجاج کی لہر صرف بھارت تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔