اربن یونٹ نے پرانی کچہری کی عمارتوں کو خطرناک قراردیدیا
ملتان(سپیشل رپورٹر)کچہری توسیع کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی بنائی گئی اربن یونٹ کمیٹی کی مرتب کردہ تجاویز پر مبنی چیف سیکرٹری پنجاب، منسٹر فنانس، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سمیت تمام اداروں کو بھجوائی گئی رپورٹ منظر عام پر آ گئی۔ واضح رہے کہ اربن یونٹ کمیٹی نے اپریل 2019ء میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر پرانی کچہری ، پولیس لائن اور نیو جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پرانی کچہری میں موجود عمارتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری تعمیر و مرمت بارے مشورہ دیا گیا ہے اور پرانی کچہری کی توسیع پولیس لائن کی 26 کنال اراضی سے کرنے کا اندیہ بھی دیا گیا ہے۔ اس 26 کنال اراضی میں عدالتیں، وکلاء چیمبرز، پارکنگ پلازہ اور دیگر اہم سہولیات کی فراہمی بارے تجاویز پیش کی گئیں ہیں۔ رپورٹ میں26 کنال اراضی پر انے والے خرچے کا تخمینہ ایک ارب 20 کروڑ اور اسی طرح ضلع کچہری میں موجود عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے لئے ساڑھے 5 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔ اربن یونٹ کے مطابق نیو جوڈیشل کمپلیکس کو شہر سے دور عدم سہولیات کے باعث نامناسب اور جنوبی پنجاب کی جوڈیشل اکیڈمی بنانے کیلئے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔