ٹیچر عاصمہ کی ہلاکت نجی سکول انتظامیہ کی غفلت سے ہوئی، انکوائری
ملتان(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی ہدایت پر ٹیچر عاصمہ ہلاکت کیس کے حوالے سے قائم انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کردی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی نے انکوائری رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کرتے ہوئے ٹیچر عاصمہ کی ہلاکت کو نجی سکول انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا ہے اور مذکورہ نجی سکول کی رجسٹریشن کینسل اور انتظامیہ کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مذکورہ سکول انتظامیہ کی جانب سے عاصمہ کو فوری طبی امداد اور ہسپتال پہنچانے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی اور گاڑی دستیاب ہونے کے باوجود زخمی ٹیچر کو طویل انتظار کے بعد رکشے پر ہسپتال منتقل کیاگیا۔انکوائری رپورٹ کے مطابق بروقت طبی امداد کی فراہمی سے ٹیچر عاصمہ کی جان بچائی جا سکتی تھی۔واقعے کے بعد ریسکیو1122سمیت کسی ادارے کو مطلع نہیں کیا گیا جو سنگین مجرمانہ غفلت ہے۔انکوائری کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو نجی سکول کی کمرشلائزیشن اور سائٹ پلان کی تحقیقات کرانے کی بھی سفارشات پیش کردی ہیں اور کہا ہے کہ سکول انتظامیہ کی جانب سے ٹیچرز کو کم تنخواہوں کی ادائیگی بھی علمی کمیونٹی کی توہین ہے جس کے باعث اس تعلیمی ادارے کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔کمیٹی نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور میڈیکل اخراجات برداشت کرنے کا پابند کرنے کی بھی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے پیرامیڈیکل سٹاف بھی اپنے ادارے میں تعینات کریں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے انکوائری رپورٹ پر سکول انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔