سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بھارت نے دریائے چناب خشک کردیا
سیالکوٹ (صباح نیوز)1960ء کے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے بھارت کی طرف سے بگلیہارڈیم پر پانی روکے جانے کی وجہ سے دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمدکم ہوکر 30ہزار نوسوچوراسی کیوسک رہی اور پانی کمی کی وجہ سے دو نہروں اپرچناب میں پانی کابہائو کم ہوکر آٹھ ہزار چھ سو کیوسک اور دوسری نہر مرالہ راوی لنک میں پانی کا بہائو پندرہ ہزار کیوسک رہا جبکہ پانی کمی کی وجہ سے دریائے چناب کا پچانوے فیصد سے زائد حصہ خشک ہوگیا ۔سندھ طاس معاہدہ کے مطابق بھارت دریائے چناب میں55ہزار کیوسک پانی ہر لمحہ چھوڑنے کا پابند تھا لیکن بھارت نے ڈیم تعمیر کرکے وہاں پانی کئی سالوں سے روک رکھا ہے اور کم پانی کی وجہ سے سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ اور دیگراضلاع کی لاکھوں ایکٹر زرعی اراضی پر کاشت شدہ فصلوں کو نقصان پہنچا جہاں کسان اور کاشتکار ٹیوب ویلوں کا پانی کھیتوں میں فصلوں کو سیراب کرنے پر مجبور ہیں ۔رکن قومی اسمبلی ارمغان سبحانی کے مطابق دریائے چناب کا پانی روک کر بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کی جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لے کر بھارت کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔