وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 28 مئی کو طلب کرلیا
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) ) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 28 مئی کو طلب کرلیا، اجلاس میں سالانہ وفاقی بجٹ کے اسٹریٹیجی پیپر پر بریفنگ دی جائیگی اور وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے متعلق بھی اعتمادمیں لیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس 28مئی کو ہوگا، اجلاس کیلئے 4 نکاتی ابتدائی ایجنڈا جاری کردیاگیا ہے۔وفاقی کابینہ اجلاس میں سالانہ وفاقی بجٹ کے اسٹریٹیجی پیپر پر بریفنگ اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں پرعملدرآمدپررپورٹ بھی پیش کی جائیگی جبکہ وزارتوں کے زیرانتظام اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔سی سی آئی کے فیصلوں کی توثیق بھی وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیگی اور وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے متعلق بھی اعتماد میں لیاجائے گا۔