ایک تصویر ایک کہانی
ملتان چونگی کا رہائشی فلک شیر پلاسٹک کے برتن ریڑھی پر سجائے گھوم پھر کر گلی محلے میں فروخت کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ تین بھائی ہیں اور تینوں وی مختلف دیہات میں ٹیوب ویل کی تنصیب کے لئے بورنگ کا کام کرتے ہیں۔ ان کا یہ کام اچھا خاصا ہے جس سے ان کو ایک بہتر حد تک آمدن بھی ہوتی ہے۔ چونکہ ان دنوں شدید گرمی ہے اور اس موسم میں یہ دشوار قسم کا کام کرنا کافی مشکل سا ہو جاتا ہے لہٰذا اس سیزن میں وہ اپنا روٹین کا کام چھوڑ کر اپنی گزر بسر کے لئے اس کام کو ترجیح دیتا ہے۔ گرمیاں گزرنے کے بعد یہ دوبارہ اپنے کام کی طرف لوٹ جائے گا۔ یہ اپنی ریڑھی پر بیچنے کے لئے ایسے برتن سجاتا ہے جو گھروں میں عام استعمال ہوتے ہیں اور یہ مارکیٹ سے کم قیمت پر بیچنے کی وجہ سے اس کی بکری بھی اچھی خاصی ہو جاتی ہے جس سے اس کو دن بھر کے بعد اچھی مزدوری بن جاتی ہے۔ ملتان چونگی کے مضافات میں اپنا ایک چھوٹا سا گھر ہے۔ یہ تینوں بھائی ماں باپ کے ساتھ اکٹھے رہ رہے ہیں۔ اس نے بتایا ہم مزدور لوگ ہیں زندگی گزارنے کے لئے جیسی بھی مزدوری ملے کر لیتے ہیں۔ اللہ پاک کا عظیم احسان ہے کہ اس نے محتاجی سے بچایا ہوا ہے۔ وہی غفور الرحیم سب پر اپنا بڑا رحم کرنے والا ہے۔(فوٹو: گل نواز)