سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں: جسٹس ثاقب، پاکستانی عدلیہ کے ا قدامات قابل تعریف ہیں: چینی چیف جسٹس
بیجنگ(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بیجنگ میںچینی ہم منصب زوکیانگ سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہاکہ پاکستانی عدلیہ سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ پاکستانی عدلیہ سی پیک منصوبوں سے متعلق کمرشل تنازعات کے حل کیلئے پرعزم ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سپریم کورٹ نے سی پیک سے متعلقہ محکموں کا اجلاس طلب کیا تھا۔ سی پیک منصوبوں کے حوالے سے یکطرفہ حکم امتناع جاری نہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔چیف جسٹس نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ چینی ہم منصب کو دعوت جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کیلئے دی گئی۔ چینی سپریم کورٹ کے سربراہ نے پاکستانی عدلیہ کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا پاک چین تعلقات اور باہمی تعاون سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو چکا ہے۔ملاقات میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس عمر عطا بندیال نے بھی شرکت کی۔