پارکنگ کمپنی کے سابق سربرا ہ حافظ نعمان کو 29 مئی تک گرفتار نہ کیا جائے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے اور درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ دو رکنی بنچ نے حافظ نعمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا۔ درخواست میں بتایا گیا کہ حافظ نعمان 2008 میں ایم پی اے منتخب ہوا اور انہیں لاہور پارکنگ کمپنی کا اعزازی طور پر پہلا سربراہ مقرر کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق وہ صرف رسمی طور پر بورڈ میٹنگ میں حصہ لیتے رہے ہیں اور لاہورپارکنگ کمپنی سے کسی بھی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا۔ حافظ نعمان نے دو برس پہلے 30دسمبر کو لاہور پارکنگ کمپنی کی سربراہ کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ درخواست میں وضاحت کی گئی کہ 2013ء میں لاہور پارکنگ کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دیکر ٹھیکہ دیا اور ٹھیکوں میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا۔ نیب کی لاہور پارکنگ کمپنی کی انکوائری غیر قانونی ہے لیکن اس کے باوجود ہر طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں۔ ہائیکورٹ نے حافظ نعمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 29 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔