6 خودکشیاں: گرین ٹائون میں بیروزگاری سے تنگ نوجوان نے خود کو گولی مارلی
لاہور(نامہ نگار+نمائندگان) گھریلو جھگڑوں ،معاشی مسائل اور بیروزگاری سے تنگ 6 افراد نے خودکشی کرلی۔ گرین ٹائون کے علاقہ چورس ٹینکی کے قریب رہائش پذیر 24 سالہ نوجوان ولید نے مبینہ طور پر بیروزگاری سے تنگ آکر خود کو کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔متوفی ولید کافی عرصے سے بیروزگار تھا جس کے باعث وہ اکثر پریشان رہتا تھا جس پر گزشتہ اس نے خود کو کمرے میں بند کر کے گولی مار لی۔ فائر کی آواز سن کر اہل خانہ نے کمرے جاکر دیکھا تو خون میں لت پت اسکی نعش پڑی تھی۔ پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئینگے۔ مزید برآں دیگر واقعات میں فیصل آباد میں 40سالہ غفار نے بیوی سے جھگڑے پر گھر کی چھت سے چھلانگ لگا دی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ منڈی شاہ جیونہ میں 24سالہ افتخار نے نشے کیلئے پیسے نہ ملنے پر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ احسان نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ سیالکوٹ میں بیروزگاری سے تنگ 23 سالہ صابر نے خودکشی کرلی۔ سرائے عالمگیر میں بیروزگاری سے تنگ 50 سالہ عبدالشکور نے نہر اپر جہلم میں چھلانگ مار کر خودکشی کرلی۔