سرکاری اداروں کو جوابدہ بنائیں گے‘ امن و امان کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاہے کہ سرکاری محکموں کو قومی جذبے کے تحت عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دینا چاہئے۔ تمام سرکاری محکموں کا پرفارمنس آڈٹ انتہائی ضروری ہے تا کہ کارکردگی کی بنیاد پر سزا اورجزا کا موثر نظام فروغ پاسکے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ سرکاری افسروں اور اہلکاروں کو انتہائی فعال اور متحرک کردار ادا کرنا پڑیگا تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اترسکیں۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں کہا سرکاری اداروں کے افسروں اور اہلکاروں کی سالانہ خفیہ رپورٹوں کے موجودہ نظام میں بے شمار خامیاں ہیں جس نے پورے سسٹم کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے۔ محکموں کو با اختیارکر کے ذمہ دار اور جوابدہ بنائیں گے۔ آئندہ مالی سال میں 10 بڑے محکموں کیلئے منظور شدہ بجٹ متعلقہ محکمے کی صوابدید پر دیا جائیگا۔ اجلاس میں شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے 18مختلف سروسز کو مربوط نظام کے تحت یکجا کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ ایک اور اجلاس سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اوّلین ذمہ داری ہے۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔ قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اور جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے جرمنی کی وزارت اقتصادی تعاون وڈویلپمنٹ کے پاکستان اور افغانستان کے بارے میں سربراہ سٹیفن اوسولڈ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔