کراچی: حساس ادارے کے اہلکار سمیت 10 افراد کی ٹارگٹ کلنگ‘ 2 گینگسٹر مارے گئے
کراچی (خصوصی رپورٹر)کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں حساس ادارے کے اہلکار سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیو کراچی، قائد آباد اورکورنگی سے 5 افراد کی نعشیں برآمد ہوئیں جنہیں اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے حساس ادارے کا جوان ساجد احسان جاں بحق ہوگیا، ساجد احسان اوکاڑہ چھائونی میں تعینات تھا اور چھٹیوں پرکراچی آیا تھا۔ پیر آباد کے علاقے میں مبینہ مقابلے میں حساس ادارے کے اہلکار ساجد احسان کے قتل میں ملوث ایک دہشت گرد مارا گیا۔ سرجانی ٹائون میں بھی یارو گوٹھ کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں گاڑی سے 2 افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ دونوں کی شناخت 23سالہ کاشف اور20 سالہ دانش محمد اسلم کے نام سے ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق قائد آباد کے علاقے شاہ لطیف ٹائون سے 2 افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمدہوئیں جنہیں تشدد اور فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں نامعلوم مسلح افراد 40سالہ صابر خان کو قتل کردیا۔ مقتول منی بس کا کنڈیکٹر تھا۔ اورنگی ٹاؤن کے ہی علاقے پاکستان بازار میں گذشتہ شب زخمی ہونے والا 50سالہ حنیف شاہ دوران علاج دم توڑ گیا۔کورنگی نمبر 4 میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے کلری میں واقع کرائون سینما کے قریب معمول کے مطابق گشت پر موجود پولیس موبائل نے مشکوک سمجھ کر موٹر سائیکل سوار افراد کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دونوں مارے گئے، ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوا۔ دونوں افراد کا تعلق لیاری گینگ وار کے تاجو گروپ سے ہے جنکی شناخت ملا مظفر اور رفیق کے نام سے ہوئی۔ لیاری عثمان آباد میں پاکستان ہوٹل کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے برطرف پولیس اہلکار 50سالہ ارشد جاوید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹائون نمبر 7 کے علاقے میںقطر ہسپتال کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ جاوید علی انصاری جاں بحق ہو گیا۔ فائیو سٹار چورنگی پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں جماعتوں کے کارنوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملے کئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔ کارکنوں میں تصادم جھنڈا اتارنے پر ہوا۔