ڈی ایم جی گروپ آفیسر مینجمنٹ گروپ ایسوسی ایشن کی راہ میں رکاوٹ
اسلام آباد (نوخیز ساہی/ دی نیشن رپورٹ) ڈی ایم جی گروپ اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے آفیسر مینجمنٹ گروپ/ سیکرٹریٹ گروپ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ایسوسی ایشن کی راہ میں رکاوٹ بن گیا۔ آفیسر مینجمنٹ گروپ کے ارکان کی تعداد زیادہ ہے مگر ڈی ایم جی گروپ ان پر حاوی ہے اور ایک ماہ سے ایسوسی ایشن کیلئے این او سی جاری نہیں کیا جاسکا۔ دی نیشن کے مطابق آفیسر مینجمنٹ گروپ نے ایک ماہ قبل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو اپنی ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کی درخواست دی تھی۔ پچھلے ماہ آفیسر مینجمنٹ گروپ کا ایک اجلاس ہوا جس میں 250 ارکان نے شرکت کی جس میں اپنے حقوق اور ایس آر اوز کے حوالے سے بات کی گئی اور اس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ آفیسر مینجمنٹ گروپ کی ایسوسی ایشن میں اب تک 1200 ممبرز نام رجسٹرڈ کرواچکے ہیں اور اس گروپ کے ایک اہم رکن کا کہنا ہے کہ انکو این او سی جاری نہ کرنے کیخلاف وہ عدالت سے رجوع کریں گے کیونکہ ڈی ایم جی گروپ کے افسروں کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس حوالے سے آفیسر مینجمنٹ گروپ کا وفد سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف سے بھی ملاقات کریگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آفیسر مینجمنٹ گروپ کے مفادات کو ایس آر اوز کے ذریعے نقصان پہنچا رہی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ڈی ایم جی گروپ کو مضبوط کیا ہے۔