ستوکتلہ: لو میرج پر لڑکی کے باپ نے نوجوان کی ماں کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا
لاہور (سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) ستوکتلہ کے علاقہ میں پسند کی شادی کرنیوالے لڑکے کی ماں کو مبینہ طور پر لڑکی کے باپ نے تیزاب پلاکر موت کے گھاٹ اتاردیا۔ ایس پی صدر کے مطابق کلثوم بی بی نے ہائیکورٹ سے بیٹے کی ضمانت نہ ہونے پر تیزاب پیا اور اب مخالفین کےخلاف مقدمہ درج کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی معلوم ہوا ہے ستوکتلہ کے علاقہ میں رکشہ ڈرائیور نذیر کی بیوی کلثوم بی بی کو مبینہ طور پر نامعلوم شخص نے تیزاب پلادیا جس پر اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں دودن زیر علاج رہنے کے بعد وہ دم توڑ گئی۔ تفتیشی افسر سب انسپکٹر نوید اسلم کے مطابق خاتون کو ریسکیو ٹیم نے دو روز قبل جناح ہسپتال منتقل کیا، وقوعہ کی اطلاع پر ہسپتال پہنچا تو خاتون کے پاس اس کا شوہر موجود تھا۔ نذیر نے مجھے بیان دیا کہ اب کلثوم کی حالت پہلے سے بہتر ہے، حالت کچھ مزید بہتر ہونے کے بعد کلثوم اپنا بیان ریکارڈ کرائے گئی تاہم خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ نذیر نے بیان دیا کہ وہ وہاڑی کا رہائشی ہے اس کے بیٹے ناصر نے کچھ عرصہ قبل ذوالفقار نامی شخص کی بیٹی سے شادی کی کچھ عرصہ بعد لڑکی واپس اپنے گھر چلی گئی اور ناصر کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں مقدمہ درج ہوا اور اسے جیل بھجوا دیا گیا۔ نذیر نے شک ظاہر کیا ہے کہ اس کی بیوی کو ذوالفقار نے بدلہ لینے کے لئے تیزاب پلایا ہے۔ مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی، خاتون کی نعش کو مردہ خانے جمع کروا دیا گیا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور کے علاقے ستوکتلہ میں خاتون کو تیزاب پلاکر قتل کرنے کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہاکہ خاتون کو قتل کرنے کے واقعہ میں ملوث ملزموں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔