الطاف کو فادر آف دی نیشن لکھنے کی مذمت، حکومت نوٹس لے: آفاق احمد، لیڈر آف دی نیشن قائداعظمؒ ہیں، سائن بورڈ عوام نے لگائے: رکن رابطہ کمیٹی
کراچی (آن لائن) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے الطاف حسین کو فادر آف دی نیشن لکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا عمل قائداعظم محمد علی جناحؒ کی تضحیک کے مترادف اور ناقابل برداشت ہے۔ حکومت اور متعلقہ انتظامیہ اس پر نوٹس لیں اور ایسے سائن بورڈز کو فوری طور پر ہٹائیں۔ اگر عوام کی جانب سے سائن بورڈز اتارا گیا یا توڑا گیا تو تصادم کی فضا پیدا ہوجائیگی۔ وہ اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے ہفتہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم اے جناح روڈ اور دیگر علاقوں میں ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کی تصاویر کے ساتھ فادر آف دی نیشن اور لیڈر آف دی نیشن کی عبارت والے جو سائن بورڈ لگائے گئے ہیں وہ ایم کیو ایم کی جانب سے نہیں بلکہ عوام نے لگائے ہیں۔ ان سائن بورڈز کی تنصیب سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور ایک ایک کارکن سمجھتا ہے کہ پاکستان میں لیڈر آف دی نیشن اور فادر آف دی نیشن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ہیں۔