لاہور ( نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ دہشتگردی، تمام لسانی، صوبائی اور علاقائی خطرات پر قابو پانے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ملک میں نظریہ پاکستان کو عملاً نافظ کیا جائے۔ نظریہ پاکستان کلمہ طیبہ ، قرآن پاک اور اسوہ رسول کا نام ہے۔ یہی وہ قوت ہے جس نے برصغیر کے تمام بکھرے ہوئے‘ منتشر اور مایوس مسلمانوں کو متحد اور منظم کر کے ان میں حصولِ وطن کیلئے بے پناہ تحریک اور جزبہ پیدا کر دیا تھا۔ یہ نظریہ کل بھی حقیقت تھا اور آج بھی ہے۔ پاکستان کی سلامتی، استحکام، بقاء اور قومی اتحاد کی گارنٹی یہی ہے اور اس کو نظر انداز کرنا پاکستان اور عوام کے ساتھ دشمنی کرنے کے مترادف ہے۔ وہ آج مرکزِ توحید و سنت منار الہدٰی گلبرگ میں یوم پاکستان کے موقع پر نظریہ پاکستان سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں مجلس حکماء المسلمین جامعتہ الازہر مصر قاہرہ کے نمائندہ خصوصی الدکتور قاری الشیخ محمود محمد اعزازی الازہری، علامہ ناصر مدنی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، مولانا حسن احمد قاسمی، مولانا ضیا الرحمن فاروقی اور مولانا عاصم مخدوم نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں علماء نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو تمام بحرانوں، دہشتگردی اور انتشار سے بچانے کے لئے نظریہ پاکستان کو بلاتاخیر عملاً نافظ کیا جائے۔
حکمران نظریہ پاکستان کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے: زبیر احمد ظہیر
Mar 25, 2025