سیکرٹری انسانی حقوق ‘ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کا ضلع بھر میں قائم آٹا پوائنٹس کا دورہ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت/ نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر عملدرآمد کرتے ضلع بھر میں 23 آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر شہریوں کو مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری انسانی حقوق احمد عزیز تارڑ نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور کے ہمراہ ضلع بھر میں قائم مختلف آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا اور شہریوں کو باعزت طریقہ سے مفت آٹے کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات پر سیکرٹری انسانی حقوق نے ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور کو شاباش دی۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے سیکرٹری انسانی حقوق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران شیخوپورہ کے 5 لاکھ پچاس ہزار خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائے گا جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد بیگ اب تک تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور کا مزید کہنا تھا کہ ہر مستحق شہری رمضان کے دوران ہر 8 یوم کے بعد مفت آٹے کی سہولت سے مستفید ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق احمد عزیز تارڑ کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر مستحق لوگوں میں آٹا مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔