کراچی سوئی گیس لائن دھماکہ،3منزلہ مکان کا بڑا حصہ منہدم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرقائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 14میں دھماکے سے گھر کے گرائونڈ اور فرسٹ فلور کا آدھا حصہ منہدم ہوگیا جب کہ دوسری منزل محفوظ رہی۔دھماکے کے نتیجے میں گرائونڈ فلور پر آگ بھڑک اٹھی جس سے مالک مکان زخمی ہوگیا ۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اطراف کے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام کے مطابق گھر میں گیس سلنڈر موجود نہیں تھا نہ ہی کوئی گیس پریشر مشین تھی بلکہ دھماکا گندی گلی میں لگے سوئی گیس کے پائپوں میں لیکیج کے باعث ہوا جس سے مکان کا گرائونڈ اور فرسٹ فلور کا آدھا حصہ زمین بوس ہوگیا، تاہم اوپری منزلوں پر رہائش پذیر دونوں خاندان خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ریسکیو اہل کاروں نے گرائونڈ فلور پر رہائش پذیر گھر کے مالک کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔زخمی ہونے والے مکان کے مالک کی شناخت 50سالہ ارشد کے نام سے کی گئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مالک مکان امریکن نیشنل اور گھر میں اکیلا رہائش پذیر ہے۔ ارشد کے بیوی بچے امریکا میں مقیم ہیں جب کہ اس نے پاکستان میں دوسری شادی کی تھی، تاہم خاتون کو طلاق دیدی تھی۔دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھا دیا۔ انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ دھماکا گھر میں گیس بھرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج نے بتایاکہ گھر کے عقب میں گلی میں گیس پائپ کھلے ہوئے ہیں۔انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا کہ علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی ہو رہی ہے۔دھماکے کے بعد عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔