کراچی میدیکل ڈینٹل کا لج کو یونیورسٹی بنانے پر کام جاری:ڈاکٹر سیف الرحمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایک معیاری ادارہ ہے جہاں طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر داخلے دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تدریسی اور غیر تدریسی تعلیم کا بھی خیال رکھا جاتا ہے تاکہ اس کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ شہریوں کی بہتر سے بہتر خدمت انجام دے سکیں، اس کالج کے تعلیم یافتہ طلبہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ پوری دنیا میں خدمات انجام دے رہے ہیں جس پر بلدیہ عظمیٰ کراچی بجا طور پر فخر کرسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نرگس انجم ، ڈاکٹر شاہ فیصل، ڈاکٹر شیراز، ڈاکٹر فرحت جعفری اور ڈائریکٹر فنانس جاوید قیصر اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ کالج کو یونیورسٹی بنانے کے لئے کام جاری ہے اور حکومت سندھ اس سلسلے میں اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کالج کی گرانٹ میں اضافہ کیا جائے گا اور جو گرانٹ کے ایم سی بجٹ میں مختص کی گئی ہے کوشش کی جائے گی کہ وہ کالج کو ہر صورت میں ملتی رہے، انہوں نے پرنسپل کے ایم ڈی سی کو ہدایت کی کہ کالج کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ کالج کے مسائل اور دیگر امور کو باہمی مشورے کے ساتھ حل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کالج سے متعلق تمام فیصلوں کی گورننگ باڈی سے منظوری لی جائے اور اپنے طور پر کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کالج کی سیکورٹی پر سٹی وارڈنز تعینات کئے جائیں گے اور بتدریج پرائیویٹ سیکورٹی کو کم کیا جائے گا، کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نرگس انجم نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا کہ کالج کے لئے 4کروڑ 20 لاکھ روپے ماہانہ کی رقم کے ایم سی کے بجٹ میں مختص ہے جس سے کالج کے پروفیسرزاور اساتدہ کرام کی تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ کالج کے معیار کو مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کوشش ہے کہ طلبا و طالبات کو بہتر تعلیمی معیاری سہولتیں میسر آئیں ، انہو ںنے بتایا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی لیبارٹری ، لائبریری اور سیمینار ہالز کو اپ گریڈ کرنے کی تجویز ہے کہ طلبہ سہولت کے ساتھ ان سے استفادہ کرسکیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اساتذہ کرام کو ہدایت کی کہ طلبہ کی تعلیم میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور مسائل کو بہتر تعلیم مہیا کرنے میں رکاوٹ نہ بنیں دیں، انہوں نے کہا کہ تمام پروفیسرز اور اساتذہ پابندی وقت کے ساتھ کالج آئیں اور زیر تعلیم طلبہ کو اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ تعلیم سے مستفیض کریں، انہوں نے کہا کہ کالج کا کانووکیشن ہر سال باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہونا چاہئے تاکہ کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کو ڈگریاں مقررہ وقت کے اندر ہی تفویض کردی جائیں۔