سندھ گورنر ہائوس میںعوامی افطار دوسرے دن بھی جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہائوس میں افطار کا سلسلہ جاریِ، دوسرے دن عام افراد کے ساتھ ساتھ مختلف جامعات اور مدارس کے طالب علموں کے علاوہ دارالعلوم کورنگی، ڈائو، ہمدرد، ضیاء الدین اور بقائی میڈیکل کالج کے طالب علموں اور انصار برنی ٹرسٹ کے بچوں نے بھی شرکت کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر طالب علموں اور عوام نے گورنر سندھ کو اپنے درمیان پا کر مسرت کا اظہار کیا اور اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی گورنر نے گورنر ہائوس کے دروازے عوام کے لئے کھولنے کے وعدے کو صحیح کردکھایا۔گورنر سندھ نے کہا کہ آپ سب کی آمد میرے لئے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خواص کے لئے مخصوص گورنر ہائوس کو عوام کے لئے کھولنے پر بہت خوشی ہے۔ واضح رہے کہ گورنر ہاوس میں پورا رمضان افطار عشائیے کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔