عوام گھروں پر رہیں کوئی مسءلہ ہو تو حکومت سے رابطہ کریں بھرپور مدد کی جاےگی: بلاول بھٹو
کراچی (اے پی پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کے حوالے سے منگل کو جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، کرونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے،کرونا وائرس کا پھیلا ئوروکنے اور آپ کی صحت، زندگی کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کی کہ لاک ڈائون کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں،اگر لاک ڈائون کے دوران آپ بیمار ہوجاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جاسکے،اگر آپ کو لاک ڈائون کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں، راشن آپ کو پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ سندھ حکومت کی مدد کرکے ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جاسکے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ نوکری پیشہ طبقے کو خدشہ ہوگا کہ کہیں وہ لاک ڈائون کے دوران بیروزگار نہ ہوجائیں،سندھ حکومت نے حکم دیا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کرسکتا بلکہ اس دورانئیے کی تنخواہ بھی دینا ہوگی،اگر آپ جہاں نوکری کرتے ہیں، وہ سندھ حکومت کے فیصلے کو نہیں مان رہے تو آپ ہم سے رابطہ کریں، اگر نوکری دینے والے اپنے ملازمین کو تنخواہ دیتے ہیں اور نوکری سے نہیں نکالتے تو سندھ حکومت بعد میں تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے اقدامات بھی کررہی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف بھی پہنچاسکے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ہماری مدد کرے،میں جانتا ہوں کہ اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کرونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آپ 14 دن کیلئے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہو تو ساری محنت ضائع ہوجائے گی، زیادہ لوگ بیمار ہوجائیں گے اور خدانخواستہ زیادہ لوگ جانبحق بھی ہوسکتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ آپ سندھ حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں، زندگی کا تحفظ کریں۔