گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں‘آفتاب صدیقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہاہے کہ شہر میں لاک ڈائون ہونے کے بعد گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کے لئے اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے عوام بد ترین صورتحال کا شکار ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں اشیاء خوردونوں کی قلت ہے، مصنوعی قلت ہونے کے باعث عوام منہ مانگی قیمتوں پر اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ منگل کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز علاقوں میں آنے سے گریزاں ہیں۔ شہر میں اس وقت آٹا 70روپے ، چینی90روپے تک فروخت کی جارہی ہیں اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ حکومت سندھ حالات اور عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے ۔ آفتاب صدیقی نے مزید کہا کہ کمشنر کراچی صورتحال سے بخوبی واقف ہونے کے باوجود کاروائی نہیں کر رہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان مشکل حالات میں صوبائی حکومت کورونا سے بچائو کے لئے اقدامات میں مصروف ہے اور ہم ان کے اقدامات کو سراہتے ہیں لیکن عوام کو بے یار و مددگار چھوڑنا سراسر زیادتی ہے۔ موجودہ حالات میں ہم سب کو مل کر اس مشکل وقت کا سامنا کرنا ہے، سرکاری افسران اس وقت میں عوام کا ساتھ دیں اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے قدم بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم میں کورونا وائرس کی تشخیص کی خبر سن کر افسوس ہوا ہے، رب کریم سے ان کی اور اس مرض میں مبتلا تمام افراد کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔