اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت سخت اور بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات پمز اسپتال کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پمز کے دورے کا مقصد گزشتہ اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق ضروری فیصلوں کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ایک سوال پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے کل تک مزید 20 بیڈز تیار ہو جائیں گے جب کہ آئندہ چند روز کے اندر مزید 50 بیڈز کی اپ گریڈیشن مکمل ہو جائے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ عوام کو تحفظ دینے کے لیے تمام وسائل فراہم کریں گے۔