اسلام آباد:ملک میں کورونا وائرس پھیلنے لگا، مریضوں کی تعداد 972 ہوگئی، سندھ 407، پنجاب 281، بلوچستان 110، خیبر پختونخوا 78، اسلام آباد 15، آزاد کشمیر 1، گلگت بلتستان میں متاثرین 80 ہوگئے۔
پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے باعث 7 افراد جاں بحق، 18 افراد صحت یاب جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض جاں بحق جبکہ 80 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ میں لاک ڈاؤن پلان میں ردو بدل کر دیا گیا، نئے نوٹیفکیشن کے مطابق راشن کی دکانیں صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی، شہریوں کو جو خریدنا ہو وہ ان اوقات میں خریدلیں۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں لاک ڈاؤن کے باعث دکانیں اور مارکیٹیں آج بھی بند ہیں۔
معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا اسلام آباد میں آج سے مارکیٹس، ریسٹورنٹس، نجی دفاتر، شہر کے اندر اور باہر ٹرانسپورٹ، ہسپتالوں میں او پی ڈیز مکمل بند رہے گی۔
سکھر قرنطینہ سینٹر سے 640 مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ترجمان گورنر ہاؤس نے بتایا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے، گورنر سندھ بدھ سے معمول کے دفتری امور کی ادائیگی شروع کر دیں گے۔
ادھر کورونا وائرس سے نجات اور اللہ کی پناہ حاصل کرنے کے لئے شہریوں نے مساجد اور گھروں کی چھتوں پر اذانیں دیں جس سے اللہ اکبر کی صدائیں ہر طرف گونج اٹھیں۔
کراچی کینٹ سٹیشن سے آخری اسپیشل ٹرین لاہور کے لئے رات بارہ بجے روانہ کی گئی۔ وزیرریلوے شیخ رشید نے کورونا وائرس کے باعث ٹرین سروس معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔