کورونا: مشکل وقت میں غریبوں کا سہارا بنیں‘ مولانا محمدالیاس قادری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہنگامی صورتحال ہے ہر ملک اپنے طور پر اس وائرس سے بچا کیلئے اقدامات کر رہا ہے ، موجودہ صورتحال کے پیش نظر تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر غیرسیاسی تحریک دعوت اسلامی کے امیر مولانا محمدالیاس عطار قادری نے مخیر حضرات کو مستحق اور غریب افراد کی مدد کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دھوکہ دہی اور فراڈ کی بجائے امت کیلئے آسانی پیدا کریں دیہاڑی دار افراد کیلئے آسانی پیدا کرنے کیلئے آگے آئیں اور ان کی بھرپور مدد کریں، نہ صرف موجودہ حالات میں بلکہ آئندہ کیلئے بھی ان کیلئے اپنی جیب سے نکال کر ان کے گھروں میں راشن ڈلوا دیں۔ تاجر طبقہ اپنی حرص کو ختم کرے دھوکہ نہ دیں اور لوگوں کو لوٹنے کی بجائے کم منافع رکھ کر اشیاکو فروخت کریں اور اپنی آخرت کو سنواریں۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں اجتماعی توبہ کرنے کی ضرورت ہے۔امیر اہلسنت نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جو حالات ہیں وہ سب پر آشکار ہیں ،اس سے متوسط طبقہ خاص طور پر آزمائش میں ہے، ہم ہمیشہ غریبوں کے ساتھ رہیں ہیں، موجودہ صورتحال میں دعوت اسلامی نے مستحق اور غریب لوگوں میں راشن دینے اور انکی امداد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر اہلسنت نیکہا کہ جو افراد روز کماتے اور کھاتے ہیں وہ ان حالات میں کافی مشکل میں ہیں لہذا صاحب ثروت افراد دل کھول کر ان غریبوں کی مدد کریں یاد رکھیں کہ اللہ پاک پریشان حالوں کی مدد کرنے والے کی مدد فرماتا ہے ، کروڑوں مسلمان اس وقت تکلیف میں ،ان کی مدد کریں آپ کا دیا ہوا مال دنیا وآخرت میں کام آئے گا،لہذانیکی کے کاموں میں دیر نہیں کرنی چاہئے ، نفس وشیطان رکاوٹ ڈالیں گے مگر آپ ہمت کرکے نیک کام کریں، اللہ کریم ہم کو گن گن کر نہیں بلکہ بے شمار عطا فرماتا ہے ، اللہ کی راہ میں دیں، اس سے آپ کی مصیبتیں دور ہوجائیں گی۔