جمہوریت بچاؤ پارٹی کے خلاف ہم نے کیسز نہیں بنائے، بلاول کو پتہ ہونا چاہیئے ان کے خلاف کیسز ن لیگ کے دور میں بنے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان احتجاج کے لیے اپوزیشن کو کنٹینر فراہم کرنے کی ایک بار پھر پیشکش کردی۔ وزیراعظم نے کہا اپوزیشن چوری بچانے کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کر رہی ہے۔ یہ لوگ این آر او کے لیے بلیک میل کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا نیب ہمارے نیچے نہیں ہے۔ سابقہ چیئرمین نیب نے بہت سے کیسز ختم بھی کئے۔ جمہوریت بچاؤ پارٹی کے خلاف ہم نے کیسز نہیں بنائے۔ بلاول کو پتہ ہونا چاہیئے ان کے خلاف کیسز ن لیگ کے دور میں بنے۔وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو کنٹینر دینے کی پیشکش کر تے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو احتجاج کا شوق ہے تو ہم انہیں یہ سہولت دینے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا عوام ہمارے ساتھ ہے، نیب نے بلایا ہے، اس پر عوام کیوں باہر نکلے گی۔میرا کیس ایک سال چلا، میں نے ہر چیز کورٹ کو فراہم کی،ان لوگوں نے تو ایک کاغذ بھی کورٹ کو نہیں دیا۔ انکی طرف سے جو کاغذات دکھائے گئے وہ فراڈ نکلے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کرا سکتا ہے۔توقع نہیں بھارت سے تعلقات الیکشن سے پہلے بہتر ہوں۔ بھارت میں الیکشن سے پہلے پوری طرح چوکنا رہنا چاہیئے ۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے کوششیں کر رہے ہیں طالبان مجھ سے ملنا چاہتے تھے۔ افغان حکومت کے اعتراض پر طالبان سے نہیں ملا۔ آج امریکہ ہماری تعریف کرتا ہے۔ امریکہ سمجھتا ہے ہم افغانستان میں امن کرا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا ہمیں وراثت میں مشکلات ملیں جب ہمیں حکومت ملی تو ریکارڈ خسارہ تھا۔گیس کے ذخائر کے حوالے سے عنقریب بڑی خوشخبری مل سکتی ہے، اگر گیس دریافت ہو گئی تو یہ ایشیاء کا سب سے بڑا ذخیرہ ہو گا
انہوں نے ایک اسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ہو سکے، اسحاق ڈار کے والد کی سائیکلوں کی دکان تھی،نواز شریف کو ساری سہولیات دے رہے ہیں، اپوزیشن پارلیمان میں مجھے دیکھتی ہے تو ان کی شکلیں بگڑ جاتی ہیں، اپوزیشن کے مطالبے پر کمیشن بنایا مگر پھر بھی مجھے تقریر نہیں کرنے دی، اپوزیشن چوری بچانے کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کر رہی ہے۔
جتنی کابینہ کے اجلاس میں نے 7 ماہ میں کئے اتنے تو نواز شریف نے 5 سال میں نہیں کئے۔ میں اپنی کابینہ سے مطمئن ہوں۔ پی ایم آفس کے 35 کروڑ کے اخراجات کم کئے ۔