قائم علی شاہ کا گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری درخواست دائر
اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نےگرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کردی۔درخواست رجسٹرار آفس نے وصول کرلی ہے ۔سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نےاپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 27 مارچ کو نیب نے طلب کر رکھا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے اسلام آباد ہائی کورٹ نیب کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔درخواست میں کہا گیاہے کہ درخواست گزار کا منی لانڈرنگ سے کوئی لینا دینا نہیں سیاسی بنیادوں پر نام شامل کیا گیاہے۔ جب تک کیس کی سماعت مکمل نہیں ہوجاتی درخواست گزار کو گرفتار نہ کیا جائے ۔
سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے درخواست میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق کیس کی تفتیش کررہا ہے اور اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پوچھ گچھ کے لیے کل نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ہے۔