جے کے ایل ایف مقبوضہ کشمیر پر بھارتی پابندی قابل مذمت ہے:علی رضا سید
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ پر مقبوضہ کشمیر میں پابندی کے بھارتی فیصلے کی مذمت کی ہے۔ برسلز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ جے کے ایل ایف مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود اختیاری کے لیے سرگرم عمل جماعت ہے جو کئی دہائیوں سے جدوجہد کررہی ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ بھارت اس طرح کے جابرانہ حربے استعمال کرکے کشمیریوں کے حوصلے پست کرسکتا ہے نہ ہی وہ کشمیریوں کی خوداختیاری کے لیے جدوجہد کو دبا سکتا ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ بھارت زیادہ عرصہ تک کشمیر پر جابرانہ قبضہ قائم نہیں کرسکتا۔